پاکستان (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک میں لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے بھارت سے بجلی درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کی حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے ابتدائی طور پر بھارت سے بجلی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں بھارت سے باضابطہ بات چیت کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سے تین چار ہزار میگاواٹ بجلی درآمد کی جائے گی۔
بجلی بھارتی پنجاب سے پاکستانی پنجاب لائی جائے گی، پھر اسے نیشنل گرڈ کے ذریعے ملک بھر مین سپلائی کیا جائے گا۔ تقسیم ہند کے بعد 1964 تک پاکستان بھارت سے بجلی درآمد کرتا رہا ہے۔
ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے شمسی توانائی کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ آئی پی پیز کو تیل کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جبکہ فوری طور پر وزیراعظم نے 22 سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے بند یونٹس کی بحالی کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔