لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اس وقت ملک حالت جنگ میں ہے، پاکستان کی افواج ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں، ملک و قوم کا مستقبل محفوظ اور پُرامن بنانے کیلئے اپنا حال قربان کرنے والوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
بلاشبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران شہید ہونے والے افسر اور جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں، ہمیں ان کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے۔ موجودہ صورتحال ہنگامی اقدامات کی متقاضی ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے گا، صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پُرامن فضا کا قیام یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں باہمی قریبی رابطہ رکھیں، امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح نہیں ہو سکتی۔
اس مقصد کیلئے پہلے بھی تمام ضروری وسائل مہیا کئے جاتے رہے ہیں، آئندہ بھی فراہم کئے جائیں گے، ملک تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے، بدامنی کی آگ کو ہم سب نے مل کر بجھانا ہے، نئی نسلو ںکو محفوظ، پُرامن اور خوشحال پاکستان دینا ہے، موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فرائض کی انجام دہی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
یوم شہادت علی کے موقع پر جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے، طے شدہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے، سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پولیس جانفشانی اور مستعدی سے فرائض سرانجام دے، افسر خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی جائے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے داخلی اور خارجی راستوں کی مانیٹرنگ کیلئے بعض ضروری آلات کی خریداری میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ کیلئے ڈیجیٹل آلات کی فی الفور خریداری یقینی بنا کر جلد تنصیب مکمل کی جائے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو پنڈ ارائیاں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پولیس سمیت قانون نافذ کرنے متعلقہ اداروں کے افسروں اور اہلکاروں کی جرأت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر شاندار پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ شہید اہلکار صابر حسین پوری قوم کا ہیرو ہے جس نے ملک و قوم کیلئے جان نچھاور کی۔
سیکرٹری داخلہ نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، ایم این اے حمزہ شہباز، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے ،بے روزگاری اور غربت کے مسائل پر قابو پانے کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے، عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانا اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر اُجالوں میں لانا ہمارا مشن ہے۔
حکومت کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر توانائی کے منصوبوں کوتیزی سے آگے بڑھارہی ہے، توانائی بحران پر جلد سے جلد قابو پانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیداکرنے کے بڑے پروگرام پر کام کیا جارہا ہے پنجاب کے 6 شہروں میں چھوٹے کول منصوبے لگائے جائیں گے اس ضمن میں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور شیخوپورہ میں 55 x2 میگاواٹ کے چھوٹے کول پاور پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چھوٹے کول پاور پلانٹس صنعتوں کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور اور ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں چھوٹے کول پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں لاہور میںکوٹ لکھپت، باٹا پور ،گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، ملتان اور شیخوپورہ میں بھی صنعتوں کی بجلی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے چھوٹے کول پاور پلانٹس لگائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی چھوٹے کول پاور پلانٹس کے لئے آئندہ تین روز میں مناسب مقامات کی نشاندہی کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کے نمائندوں پرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جوچھوٹے کول پاور پلانٹس کے منصوبوں پر عملدر آمد کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی جہانزیب خان نے چھوٹے کول پاور پلانٹس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سے چین کے آئی سی بی سی (ICBC )کے انویسٹمنٹ بینکنگ گروپ کے جنرل منیجر لی جن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ جس میں پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں توانائی سمیت مختلف شعبوںمیں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔
صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی ساز گار ماحول پیدا کیا گیا ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے ہرممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ہے۔ انویسٹمنٹ بینکنگ گروپ کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔
انڈسٹریل پارکس میں بھی سرمایہ کاری کریں گے۔ صدر آئی سی بی سی اسلام آباد برانچ ہی شنگھائو ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔