ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری

Rain

Rain

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بہت سے شہروں میں ساون کی پہلی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کے ستائے لوگوں نے سکون کا سانس لیا۔ ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان میں رات گئے بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

تاہم موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کا مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ جام پور اور کہروڑ پکا میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ شور کوٹ اور گردونواح میں ہلکی بارش ہوئی۔

نصیر آباد اور ڈیرہ مراد جمالی شہر اور گردونواح میں تیز ہواں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ رحیم یارخان میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ آزاد کشمیر کے کئی شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان، سبی، میرپورخاص اور سکھر ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، پشاور، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔