بھارتی ریاست آسام میں مظاہرین پر بجلی کی تار گرنے سے 9 افراد کرنٹ لگ کر ہلاک

India

India

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست آسام میں پولیس اسٹیشن کےباہر احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بجلی کی تار گر گئی جس کے نتیجے میں 9 افراد کرنٹ لگ کر ہلاک اور 16 شدید زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست آسام کے ضلع تنسوکیا میں مظاہرین مقامی پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کررہے تھے کہ اس دوران پولیس اہلکاروں کی ہوائی فائرنگ سے بجلی کی تار گر پڑی جس کے نتیجے میں 9 افراد کرنٹ لگ کر ہلاک اور 16 شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مظاہرین کی بڑی تعداد قتل کے الزام میں گرفتار 5 ملزمان کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کررہی تھی جب کہ اس دوران مظاہرین نے لاٹھی اور پتھروں سے پولیس اسٹیشن پر دھاوا بولنے کی بھی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی جس سے بجلی کی تار ٹوٹ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔