ریاست اور عوام کی ضروریات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عامر نواب خان ہماری قیادت بندکارخانوں اورویران فیکٹریوں کی بحالی کیلئے کوشاں ہے، ممتازرہنمان لیگ
Posted on August 7, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور (پی پی سی) پاکستان مسلم لیگ ( ن کے ممتاز رہنما عامر نواب خان نے کہا ہے کہ ریاست کی ترجیحات اور عوام کی ضروریات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بجلی پیدا کرنے کیلئے مربوط منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، عوام کو عنقریب تبدیلی محسوس ہوجائے گا۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے ہوتے ہوئے اندھیرے اور انگارے ایٹمی پاکستان کا مقدر نہیں بن سکتے۔
ہماری قیادت بندکار خانوں اور ویران فیکٹریوں کی بحالی جبکہ مزدوروں کے گھروں میں خوشحالی کیلئے کوشاں ہے۔ 1998 میں کامیاب ایٹمی دھماکے کرنیوالے وزیر اعظم میاں نواز شریف اب پاکستان میں کامیاب اقتصادی دھماکے کرنے کیلئے پر اعتماد اور پر عزم ہیں۔ اپنے ایک بیان میں عامر نواب خان نے مزید کہا کہ پاکستان کا وقار بحال اور عام آدمی کوخوشحال کرنا ہماری قیادت کا عہد اور عزم ہے۔
عوام کو جدید شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کا نظام اپ گریڈ کیا جائے گا۔ علم کی روشنی سے ہر قسم کے اندھیروں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، خادم پنجاب میاں شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سرکاری تعلیمی اداروں اور سرکاری ہسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے حالیہ صوبائی بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کردیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے مذاکرات کی ضرورت اور اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، اگر امریکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کرسکتا ہے توہم ایسا کیوں نہیں کرسکتے۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی امن وآشتی کیلئے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی تجویز میں دم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کواپنے قومی مفادات اورزمینی حقائق کے مطابق دوررس فیصلے کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔