ملکی سلامتی بدترین خطرات سے دوچار ہے‘ روشن پاکستان پارٹی

karachi Map

karachi Map

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جمہوریت کے نام پر پاکستانیوں پر مسلط کئے جانے والے استحصالی ‘ سرمایہ دارانہ ‘ جاگیردارانہ اور جابرانہ و ظالمانہ نظام کی وجہ سے نہ صرف پاکستان کے اکثریتی عوام غربت کی سطح سے بھی انتہائی پست زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور تعلیم ‘ علاج ‘ روزگار اور بہتر رہائشی ماحول سمیت ہر قسم کے تحفظ سے بھی محروم ہیں۔

اسی محرومی نے ملک میں نہ صرف تعصب و لسانیت ‘ عسکریت پسندی اوردہشتگردی کو جنم دیا ہے بلکہ نئے صوبوں کی جڑ پکڑتی ہوئی تحریکیں بھی پاکستان کے مستقبل کیلئے خطرات کا پیش خیمہ ہیں۔ اسلئے عوام کی تقدیر میں مسائل و مصائب لکھنے ‘ وطن عزیز کو دولخت کرنے اور قومی سلامتی کو خطرات سے دوچار کرنے والے موجودہ نظام کا خاتمہ کرکے ہمارے پیش کردہ قابل عمل فارمولے کے تحت”مقامی خود مختاری “ نافذکرکے عوام کوشراکت اقتدار کی فراہمی کے ذریعے حقیقی جمہوریت قائم کی جاسکتی ہے۔

جس سے نہ صرف عوام کا احساس محرومی ختم ہوجائے گا بلکہ پاکستان کو عسکریت پسندی و دہشتگردی سمیت تعصب و لسانیت اور صوبائیت سے بھی نجات ملے گی اور وطن عزیز کو لاحق تمام بحرانوں و مسائل کا خاتمہ کرکے عوام کو خوشحال بھی بنایا جاسکتا ہے ۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی نے وائس چیئرمین اسلم خان‘ سینئر نائب صدرحاجی امیر علی خواجہ اور جنرل سیکریٹری راجہ محمد انور ایڈوکیٹ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی بدترین خطرات سے دوچار ہے اسلئے محب وطن سیاسی جماعتوں اور قیادتوں کو سنجیدگی و حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلاحی نظام کے ذریعے حقیقی جمہوریت کے قیام کی پر امن و جمہوری جدوجہد میں ہمارا ساتھ دینا چاہئے۔