ریاست مدینہ کا نعرہ لگانا آسان، لگتا ہے ٹاپ مین کو بلانا پڑے گا، لاہور ہائیکورٹ

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دیے ہیں کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانا بہت آسان ہے، مجھے لگتا ہے ٹاپ مین کو بلانا پڑے گا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے قادیانیوں کے خلیفہ کا نام گوگل سرچ سے ہٹانے کی ایڈووکیٹ محمد اظہر حسیب کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل کو ڈانٹ دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانا بہت آسان ہے، حکومت ایسے کیسز خود دائر کرتی ہے، گوگل پر پچھلے 20 سے 22 دن سے چل رہا یے مگر حکومت سوئی ہے، چیف جسٹس نے تمام فریقین کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل کے استعمال پر پابندی لگائی جائے، سوشل میڈیا خود غلط نہیں بلکہ اس کا استعمال غلط ہوتا ہے، حکومت اگر پب جی پر پابندی لگاسکتی ہے تو ایسے اقدام پر فوری فیصلہ کیوں نہیں کرتی، آپ یہاں پر قانونی تحفظ تو لے لیں گے قبر میں خود جواب دے دیجیے گا، مجھے لگتا ہے ٹاپ مین کو بلانا پڑے گا۔

دریں اثناء آمدن سے زائد اثاثہ جات میں احتساب عدالت میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے ریفرنس پر سماعت کیو عدالت نے احد چیمہ کیس پر سماعت 4 جنوری تک ملتوی کر دی۔