دوشنبے (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ ریاست کی حیثیت سے پاکستان دو جنگیں لڑ رہا ہے ، افواج دہشت گردوں سے نبرد آزما ہیں،حکومت تباہ حال معیشت کو پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔وزیر اعظم نے لاہور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہماری افواج دہشت گردی کے عفریت سے نبرد آزما ہے، ملک کی اندرونی سلامتی کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ دوسری جانب حکومت تباہ حال معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نے لاہور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے ذمے داروں کا تعین کرنے کے لئے عدالتی ٹربیونل قائم کر دیا گیا ہے، عدالتی ٹربیونل کی روشنی میں ذمہ داروں کا فوری تعین اور کارروائی کی جائے گی۔ اس سے قبل تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں صدر امام علی رحمانوف کے ساتھ پریس کانفرنس میں وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھا کہ خطے میں ترقی کے لیے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔ دونوں رہنمائوں نے منظم جرائم کے خاتمے کیلئے مربوط کوششوں پر بھی اتفاق کیا۔