لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ختم نبوت پر گستاخی کرنے والے کو گھر بھجوانے کے بیان پر آج بھی قائم ہوں۔
شہباز شریف سے علمائے کرام کے وفد نے ملاقات کی جس دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ختم نبوت کے عقیدے پر غیر متزلزل ایمان تھا، ہے اور رہے گا، (ن) لیگ کی حکومت ختم نبوت عقیدے پر غیر متزلزل ایمان رکھتی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ آئین پاکستان نے بھی ختم نبوت کے عقیدے کی توثیق کی ہے، عقیدہ ختم نبوت سےمتعلق حلف نامہ اصل حالت میں واپس لایا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میں نے اس مسئلے پر فوری بیان دیا، میں نے کہا تھا جس نے بھی یہ گستاخی کی ہے، اسے گھر بھجوا دیں اور آج بھی اس پر بیان پر قائم ہوں۔
واضح رہے کہ انتخابی اصلاحات بل میں ترمیم کے دوران کاغذات نامزدگی کے حلف نامے میں تبدیلی کی نشاندہی بھی ہوئی تھی جس پر حکومت نے فوری طور پر حلف نامے کو اصل حالت میں بحال کیا جب کہ اس حوالے سے پارٹی صدر نواز شریف نے اس غلطی کے ذمہ دار کے تعین کے لیے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی۔