کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں جاری شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں کی عدم گرفتاری کے خلاف سندھ بھر میں مجلس وحدت مسلمین کے تحت ’’یوم سوگ‘‘ منایا گیا اور نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کھارادر کراچی میں کیا گیا۔ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور کراچی میں بڑھتی ہوئی شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے۔
حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی کو امن و امان کا گہوارہ بنانے کے لیے کراچی میں بھی وزیرستان طرز کا بے رحمانہ فوجی آپریشن کیا جائے۔ اپنے خطاب میں رہنمائوں مولانا باقر زیدی، فرقان حیدر عابدی ، علی حسین نقوی، مولانا علی انور جعفری اور علامہ مبشر حسن اور آصف صفوی نے کہاکہ سندھ حکومت کراچی میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکی، دہشت گرد گروہوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بے رحمانہ فوجی آپریشن نا گزیر ہو چکا سیاسی و مذہبی جماعتوں کو زبانی بیان بازی کے بجائے عملی اقداما ت کے لئے آگے آنا ہو گا۔