حق پرست اراکین اسمبلی کا شہر کراچی کے ضلعی بلدیاتی اداروں کے فنڈز میں کٹوتی پر احتجاج

IQBAL MUHAMMAD ALI KHAN

IQBAL MUHAMMAD ALI KHAN

کراچی (خصوصی رپورٹ) حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان اور اراکین اسمبلی نشاط ضیاء قادری ،سید خالد احمد نے شہر کراچی کے بلدیاتی اداروں کے فنڈز کی کٹوتی پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ترقی کے حوالے سے عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر ترقیاتی امور، برساتی نالوں کی صفائی حتیٰ کہ بلدیاتی امور کی انجام دہی ڈپٹی کمشنر کے ذریعے انجام دینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ناقص پالیسی اور منتخب عوامی نمائندوں کی جانب سے علاقائی ترقی اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے آج شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے۔

عوام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے شدید مسائل سے دو چار ہیں مگر ارباب اختیار اپنی آنکھ بند کرکے شہر کو ڈپٹی کمشنر ز کے ذریعے چلا نا چاہتے ہیں حق پرست اراکین اسمبلی نے ان خیالات کا اظہار ضلع کورنگی میں علاقائی ترقیاتی امور ،بلدیاتی مسائل کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد ،میونسپل کمشنر مسرور میمن ،سپرٹنڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی پریم چند ،فوکل پرسن شاہ فیصل زون اسلم پرویز،فوکل پرسن کورنگی زون مبین صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے حق پرست اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان ،نشاط ضیاء قادری اور سید خالد احمد نے کہاکہ عوامی مسائل سے پہلو تہی برتنے کی پالیسی ختم کی جائے شہر کو لاوارث نہ سمجھا جائے شہر کے حقیقی عوامی نمائندے قائد تحریک الطاف حسین کے کارکن شہر کو مسائل اور یہاں بسنے والے عوام کو مشکلات میں مبتلا کرنے کی پالیسی برداشت نہیں کرینگے۔

حق پرست اراکین اسمبلی نے کہاکہ ضلع بلدیات مالی بحران کی وجہ سے علاقائی ترقیاتی امور تو کجا ملازمین کی تنخواہ وقت پر دینے سے قاصر ہیں انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ ،وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا کہ شہر کراچی میں ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی اداروں کی فنڈز میں کٹوتی ختم کی جائے اور بلدیاتی امور میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کی مداخلت ختم کی جائے ،فعال بلدیاتی نظام نافذ کرکے جلد ازجلد بلدیاتی انتخابات کراکر نچلی سطح پر اقتدار کی منتقلی یقینی بنا ئی جائے تاکہ شہر کی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا ئی جاسکے۔