کراچی (خصوصی رپورٹ)حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے اپنے انتظامات کو مزید بہتر بنا ئیں سرسبز معاشرے کے قیام کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے سرسبز ماحول کو فروغ دیا جائے ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان، میونسپل کمشنر مسرور میمن کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں قائم فیملی پارکوں اور رفاہ عام جیم خانہ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر پرویم چند، ڈائریکٹر پارکس جاوید علی خان ،ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس عبدالکریم، شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور دیگر بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ بلدیاتی افسران علاقائی ترقی اور عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے اپنے فرائض تندہی کے ساتھ انجام دیں عوامی خدمات کے حوالے سے فرائض میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے،رفاہ عام جیم خانہ کے دورے پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جیم خانہ میں گراسنگ کے نظام کو بہتر بنا یا جائے اور تماشائیوں کے بیٹھے کے لئے رفاہ عام جیم خانہ میں پویلین تعمیر کیا جائے ۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو سرسبز و شاداب بنا یا جائے گا۔
انہوں نے محکمہ پارکس کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی نمائندوں کی تجاویز کو مد نظر رکھتے ہوئے علاقائی سطح پر سرسبز ماحول کو فروغ دیا جائے سرسبز ماحول کی افادیت سے عوام کو آگاہ کیا جائے اور عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے ہر علاقے کو سرسبز بنا یا جائے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن نے فیملی پارکوں کے دورے کے موقع پر متعلقہ افسران وعملے کو ہدایت کی کہ فیملی پارکوں میں سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو بہتر بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فیملی پارکوں میںگرینری کے ساتھ تفریحی سہولیات کے حوالے سے انتظام کیا جائے اور فیملی پارکوں کے اطراف مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔