کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان نے افسروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل کی صورتحال عمومی نہیں بلکہ خصوصی توجہ کی متقاضی ہے۔
حکومت کی جانب سے 18 ارب 50 کروڑ روپے کے مالیاتی پیکیج کے تحت مقررہ اہداف کو حاصل کرنا، اگست میں 30 فیصد پیداوار، ماہانہ 10 فیصد اضافے کے ساتھ جنوری 2015 تک 77 فیصد پیداواری ہدف حاصل کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اسٹیل اہداف کے حصول کے لیے دور رس حکمت عملی پر گامزن ہے۔
انہوں نے افسروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ مقررہ اوقات کار کی پابندی، نظم وضبط، مستعدی، ایمانداری اور دیانتداری کے ذریعے مقررہ پیداواری اہداف حاصل کرنے کے لیے اپنی کاوشیں تیز کریں، پلانٹ کی فوری مرمت و دیکھ بھال کے کاموں پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ پیداواری یونٹس کو زیادہ سے زیادہ فعال بنایا جا سکے، باقاعدگی اور نظم و ضبط کے ذریعے کام کے ماحول کو مزید بہتر بنایا جائے۔
ملازمین پاکستان اسٹیل کے اعلیٰ ترین مفاد میں سستی، کاہلی اور غفلت سے گریز کریں، بدعنوانی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور بدانتظامی کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور یہ عناصر جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔