کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل کے افسران اور ورکرز نے وفاقی حکومت کی جانب سے 18.5 ارب روپے کے بیل آئوٹ پیکج کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لیے ان تھک محنت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وائس آف پاکستان اسٹیل آفیسرز کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس گلشن حدید میں وائس کے صدر مرزا مقصود کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے پاکستان اسٹیل کی تشکیل نو کیلیے 18.5 ارب روپے کی منظوری کو سراہتے ہوئے۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار صاحب،نج کاری کمیشن کے چئیرمین محمد زبیر عمر صاحب اور سی ای او پاکستان اسٹیل میجر جنرل (ر) ظہیر احمد صاحب کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں حکومت اور انتظامیہ پاکستان اسٹیل کو یقین دہانی کرائی گئی۔
کہ پاکستان اسٹیل کے تجربہ کار، اندرون و بیرون ملک تربیت یافتہ آفیسرز اور انجینئرز پاکستان اسٹیل کی بحالی میں تندہی سے دن رات کام کریں گے۔ دریں اثنا یونائیٹڈ ورکرز فرنٹ آف پاکستان اسٹیل کے صدر حاجی میر عالم خان نے پاکستان اسٹیل کے سی ای او سے توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے ڈوبتی ہوئی کشتی کو ساحل فراہم کریں گے۔
میرعالم خان نے سی ای او کو یقین دلایا کہ پاکستان اسٹیل کے مخلص ملازمین جنہوں نے گزشتہ کئی برسوں تک اذیت ناک دور گزارا ہے ادارے کی ترقی کے لیے شب و روز انتھک محنت کرنے کے بعد موجودہ قیادت میں سابقہ پروڈکشن کے ریکارڈ کو توڑیں گے اور خوشحال پاکستان اسٹیل کو پاکستان کی صفحہ اول کی انڈسٹری شمار کرائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو بروقت تنخواہیں اور دیگر مراعات جاری کی جائیں گی۔