اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک کا کہنا ہے کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے، جس سے جمہوریت کو خطرہ ہو، جو بھی تبدیلی آئے جمہوری طریقے سے آنی چاہیے۔
اسلام آباد میں نیب کورٹ کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے نیب کیسز میں سابق صدرزرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پیپلزپارٹی 16 سال سے آصف علی زرداری کے خلاف ریفرنسز پر فیصلوں کی منتظر ہے۔ نیب کے پاس ثبوت نہیں تو کیسز بند کردے۔
گزشتہ روز تحریک انصاف کے اسلام آباد میں دھرنے پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پیپلزپارٹی نہیں چاہتی کہ جمہوریت ڈی ریل ہو جو بھی تبدیلی آئے جمہوری طریقے سے آنی چاہیے۔ سانحہ 12 مئی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے ملک و قوم کے لیے وکلا کی قربانیوں کی تعریف کی اور کہاکہ جمہوریت کی بقا کے لیے عدلیہ کی کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔