اسٹیون اسپیل برگ کی مسئلہ کشمیر پر فلمی پراجیکٹ کیلئے انوشکا شرما منتخب

Anushka Sharma

Anushka Sharma

ممبئی(جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے پانچ سالہ فلمی کیرئیرمیں وہ کر دکھایا ہے جو ہندی فلم نگری سے جڑی اداکارائیں دہائیاں گزر جانے کے باوجود نہیں کر سکیں۔بھارتی دورے پر آئے ہوئے ہالی ووڈ کے لیجنڈ ری ہدایتکار اسٹیون سپیل برگ نے انوشکا شرماکوکشمیر ایشو سے متعلق پاک بھارت موضوع پر بننے والی نئی فلم کیلئے شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔

ماڈلنگ سے فلم نگری کا رخ کرنے والی 24 سالہ انوشکا فلم میں مرکزی کردار کیلئے اولین پسند مانی جارہی ہیں ا ور اگر وہ یہ کردار حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں تو انہیں ہالی ووڈ کے معروف اداکار ڈینزل واشنگٹن،رچرڈ گئیراور بریڈلی کوپر کیساتھ اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع مل سکے گا۔

اسٹیون سپیل برگ نے گزشتہ دنوں ممبئی میں اپنے اس فلمی پراجیکٹ کا اعلان کیا جسکا اسکرپٹ مکمل ہے تاہم حتمی کاسٹ،فلم کے ہدایتکار اور شوٹنگ مقامات کے بارے میں اب تک واضھ نام سامنے نہیں آئے۔واضح رہے کہ 2008 میں فلم “رب نے بنا دی جوڑی” میں بالی وود کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز کرنے والی انوشکا نے اب تک صرف7فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں سے 4فلمیں باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئیں۔