لندن (جیوڈیسک) لیور پول فٹبال کلب کے سابق کپتان سٹیون جیراڈ نے کلب سے 25 سال طویل رفاقت ختم کرنے کا اعلان کیا۔ فٹبال کلب چھوڑنے کے بعد جیراڈ کا کہنا تھا کہ لیورپول کو خیرباد کہنے کا فیصلہ ان کی زندگی کا ’مشکل ترین‘ فیصلہ تھا۔
سٹیون جیراڈ لیورپول سے الگ ہونے کے بعد امریکہ میں کلب فٹبال کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ 34 سالہ جیراڈ نے نو برس کی عمر میں لیور پول کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ پہلے جونیئر اور پھر سینئر ٹیم کا حصہ بنے۔ جیرارڈ نے انگلش فٹبال کلب لیور پول کے لیے اب تک 695 میچز کھیلے ہیں جن میں ان کے گولوں کی تعداد 180 رہی۔
ان کی قیادت میں لیور پول نے 2005 میں یورپین چیمپیئنز لیگ ٹائٹل جیتا اس کے علاوہ یوئیفا کپ، دو بار ایف اے کپ، تین بار لیگ کپ، ایک بار کمیونٹی شیلڈ جبکہ دو مرتبہ یوئیفا سپر کپ ٹائٹل بھی ٹیم کو دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سٹیون جیراڈ کو 114 میچوں میں انگلینڈ کی قومی فٹبال ٹیم کی قیادت کا اعزاز بھی حاصل ہے جس سے وہ گذشتہ برس ہونیوالے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہو گئے تھے۔