سڈنی (جیوڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے بقیہ میچز کے لئے زخمی مائیکل کلارک کی جگہ اسٹیون اسمتھ کو کینگروز ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 25 سالہ اسٹیون اسمتھ کو بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے بقیہ میچز کے لئے زخمی مائیکل کلارک کی جگہ کینگروز ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین بریڈ ہیڈن ان کے نائب ہوں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر راڈنی مارش نے کہا ہے کہ ’ہم ملک کی نمائندگی اور قیادت کا اعزاز ملنے پر اسمتھ کو مبارکباد دیتے ہیں۔ اسمتھ ایک غیرمعمولی نوجوان ہیں اور قومی سلیکشن پینل نہ صرف ان کی انفرادی کارکردگی بلکہ قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے انھیں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
واضح رہے کہ مائیکل کلارک ایڈیلیڈ میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہوگئے تھے۔ جس کے بعد وہ اپنی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی پر خدشات کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔