کراچی (جیوڈیسک) غیر ملکی سرمائے کے انخلا، بینک ٹرانزیکشن ٹیکس کی شرح بڑھنے جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی جس سے سرمایہ کاروں کے مزید 21 ارب 16 کروڑ روپے ڈوب گئے۔
ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ جمعہ کو انڈیکس کے بیشترشعبوں میں فروخت کا دباؤ رہا، کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر47.80 پوائنٹس کی تیزی اوربعد ازاں 185.65 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی، ٹریڈنگ کے دوران حبیب بینک اور ایم سی بی بینک میں فروخت کا دباؤ رہا جبکہ آٹوموٹیو، آئل اور سیمنٹ سیکٹر میں پرافٹ سیلنگ دیکھنے میں آئی، غیرملکیوں نے بھی3.5 ملین ڈالر کا سرمایہ نکال لیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 41.40 پوائنٹس کمی سے 32669.16 ،کے ایس ای30 انڈیکس 78.42 پوائنٹس گھٹ کر19232.36 اورکے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 3.33 پوائنٹس کمی سے 15344.39 ہوگیاجبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس103.52 پوائنٹس بڑھ کر 57002.07ہوگیا، کاروباری حجم 14.2فیصد کم رہا،11 کروڑ63 لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروبار 317 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں108 کے بھاؤ میں اضافہ، 175 کے دام میں کمی اور34 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔