حصص مارکیٹ میں تیزی کی بڑی لہر سے 455 پوائنٹس کا اضافہ

 Stock Market

Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) پاک چین سرمایہ کاری معاہدوں، مختلف لسٹڈ کمپنیوں کے بہترین مالیاتی نتائج پر ہونے والی خریداری سرگرمیوں کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو ایک بارپھر تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔

جس سے انڈیکس کی33100، 33200 ،33300 اور33400 پوائنٹس کی 4 حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں، تیزی کے باعث حصص کی مالیت میں70 ارب74 کروڑ 20 لاکھ54 ہزار884 روپے کا اضافہ ہوگیا، بدھ کو اے کے بی ایل، بینک الفلاح، ایچ بی ایل اور یوبی ایل کے علاوہ سیمنٹ اور آئل اینڈ گیس سیکٹر میں پراعتماد انداز میں خریداری کی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 454.88 پوائنٹس کے اضافے سے 33490.65 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 335.65 پوائنٹس کے اضافے سے 21459.19 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 749.73 پوائنٹس کے اضافے سے 54693.17 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت40.63 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر35 کروڑ37 لاکھ 44 ہزار 540 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 363 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 237 کے بھاؤ میں اضافہ، 103 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔