لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز زبردست تیزی کے بعد حصص مارکیٹ 13 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ حصص کی مالیت میں 100 ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز 728 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس کی مزید سات حدیں بحال ہو گئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 41000، 41100، 41200، 41300، 41400، 41500، 41600 کی حدیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 40 ہزار 916 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
آج کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 41644.88 پوانئٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم یہ تسلسل برقرار نہ رہ سکا۔ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 728.29 پوائنٹس کی تیزی کے بعد انڈیکس 41644.88 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
آج پورے کاروباری روز کاروبار میں 100 انڈیکس 1.78 فیصد بڑھ گیا جبکہ حصص کی مالیت میں 100 ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
مارکیٹ رواں سال کی کم ترین سطح سے 45 فیصد بڑھ گئی، اس سے قبل مارکیٹ 16 نومبر 2018 کو اس حد پر بند ہوئی تھی۔