کراچی (جیوڈیسک) معاشی حالات میں بہتری اور سیاسی استحکام کے باعث سٹاک مارکیٹ میں نئے ریکارڈ بنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کاروباری ہفتے کے آغاز میں ہی سٹاک مارکیٹ نے تاریخ میں پہلی بار ٹریڈنگ کے دوران 52 ہزار کی حد کو عبور کر لیا۔
سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق چین میں ہونے والی ون بیلڈ ون روڈ کانفرنس میں پاکستان نے توانائی اور انفرااسٹریکچر کے کئی نئے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جس کے باعث مستقبل میں سیمنٹ اور سٹیل کی کھپت میں مزید اضافہ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں یہ دونوں شعبے اچھا پرفارم کررہے ہیں،دوسری جانب توانائی کے شعبے میں نئی سرمایا کاری کی توقعات نے سرمایاکاروں کے لئے یہ شعبہ بھی پُرکشش بنا دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2008 کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج ایک بار پھر ایم ایس سی آئی انڈیکس میں شامل ہونے جارہی ہے جس کا باقائدہ اعلان آج رات کو کردیا جائے گا،سٹاک تجزیہ کار ایمرجنگ مارکیٹ میں شمولیت سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 40 سے 60 کروڑ ڈالر کی نئی سرمایا کاری کی اُمید کررہے ہیں۔