کراچی (جیوڈیسک) ملک کے تجارتی خسارہ میں کمی اوردیگر معاشی اشاریوں میں بہتری، بعض کمپنیوں کی بہترین مالیاتی نتائج اور نچلی قیمتوں پرمختلف شعبوں میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے 42.50 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 13 ارب 81 کروڑ 96 لاکھ 50 ہزارروپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔
کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 30 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن بعدازاں معاشی اشاریوں میں بہتری کی اطلاعات پرمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری رحجان بڑھنے سے مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورایک موقع پر 202.29 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 34100 کی حد بھی بحال ہوگئی تھی لیکن اس کے بعد فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی شرح میں کمی ہوئی۔
ٹریڈنگ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں، مقامی کمپنیوں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 82 لاکھ 79 ہزار 559 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے 56 لاکھ 73 ہزار 700 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے 26 لاکھ 5 ہزار 859 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔
تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 50.72 پوائنٹس کے اضافے سے 33993 اور کے ایس ای 30 انڈیکس 53.98 پوائنٹس کے اضافے سے 22139.44 ہوگیا تاہم کے ایم آئی30 انڈیکس 191.95 پوائنٹس کی کمی سے 54263.27 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 8.77 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 26 کروڑ 12 لاکھ 71 ہزار 140 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 360 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 153 کے بھاؤ میں اضافہ، 190 کے داموں میں کمی اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔