کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید کاروباری اتار چڑھاؤ کی زد میں رہی، کے ایس ای 100 انڈیکس 37200 پوائنٹس سے گھٹ کر 36900 پوائنٹس کی سطح پرآگیا۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب سے زائدروپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کاحجم 75 کھرب سے گھٹ کر 74 کھرب روپے کی سطح پر آگیا۔
ہفتہ واررپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 282.12 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 37223 پوائنٹس سے کم ہو کر 36940.88 پوائنٹس پر آگیا۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 438.16 پوائنٹس کی کمی سے 20929.82 اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 25115.51 پوائنٹس سے گھٹ کر 24759.50 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب 10 ارب 84 کروڑ 78 لاکھ 38 ہزار 4 روپے کی کمی ریکارڈکی گئی، جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 75 کھرب 33 ارب 97 کروڑ 18 لاکھ 13 ہزار 813 روپے سے کم ہو کر 74 کھرب 23 ارب 12 کروڑ 39 لاکھ 75 ہزار 809 روپے رہ گیا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا اور صرف 3 کاروباری دنوں میں انڈیکس 203.40 پوائنٹس بڑھ گیا تاہم 2 روزہ مندی کے سبب انڈیکس 485.52 پوائنٹس گھٹ گیا۔ گزشتہ ہفتے خریداری میں تیزی آنے سے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 37600 پوائنٹس کی ریکارڈ ترین سطح پردیکھا تھا تاہم سرمائے کے انخلا کے سبب مندی کی بڑی لہر آنے سے انڈیکس 36800 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران انڈیکس 37000، 37100، 37200 پوائنٹس کی 3 بالائی حدیں کھوبیٹھا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںگزشتہ ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ 22 کروڑ 75 لاکھ 15 ہزار حصص کے سودے ہوئے او رٹریڈنگ ویلیو 11ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 10 کروڑ 92 لاکھ 16 ہزارحصص رہا اور ٹریڈنگ ویلیو 6 ارب روپے تک محدود رہی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 1733 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 495 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 1126 میںکمی اور 112 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبارکے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ، لوٹے کیمیکل، فوجی سیمنٹ، فاطمہ فرٹیلائزر، سوئی ناردرن گیس کمپنی، دیوان موٹرز، اینگروفرٹیلائزر، پاک انٹرنیشنل بلک، بائیکوپٹرولیم اور ٹی آرجی پاک لمیٹڈ سرفہرست رہے۔