کراچی (جیوڈیسک) سرمایہ کاروں کا محتاط طرز عمل اور بینکنگ سیکٹر میں فروخت کی شدت بڑھنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی 33200 پوائنٹس کی حد بھی گر گئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 23 ارب 48 کروڑ 48 لاکھ 62 ہزار 708 روپے ڈوب گئے۔
ایک موقع پر 80.37 پوائنٹس کی تیزی اور بعدازاں 402 پوائنٹس تک کی مندی بھی ہوئی لیکن اس دوران نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 24.81 پوائنٹس کی کمی سے 33188.77 پوائنٹس ہوگیا، اس کے برعکس کے ایس ای 30 انڈیکس 2.10 پوائنٹس کے اضافے سے 21669.67 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 565.15 پوائنٹس کے اضافے سے 53439.32 ہوگیا
کاروباری حجم پیر کی نسبت33 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 21 کروڑ 21 لاکھ 36 ہزار 450 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 376 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 159 کے بھاؤ میں اضافہ، 199 کے داموں میں کمی اور 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔