کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان تناو میں ممکنہ کمی کی توقعات اور پاکستان کی جانب سے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کوحوالے کرنے جیسے اقدامات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو تیزی کارحجان غالب رہا جس سے انڈیکس کی 39500 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کے سبب 70 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید2کھرب67 ارب 2کروڑ 1ہزار891 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ۔ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 14فیصد کم رہا اور مجموعی طورپر 13کروڑ71 لاکھ 96ہزار20حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 344کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 241کے بھاؤ میں اضافہ 83کے داموں میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں پاکستان ٹوبیکوکے بھاو 67روپے 80پیسے بڑھکر 2650 روپے اور وائتھ پاکستان کے بھاو49روپے 74پیسے بڑھ کر1046روپے 08پیسے ہو گئے۔