کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو کاروباری صورتحال مایوس کن رہی اور اتارچڑھاؤ کے بعد مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آ گئی جس سے40.50 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 9 ارب 39 کروڑ 57 لاکھ 51 ہزار 178 روپے ڈوب گئے۔
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 149.96 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 33900 پوائنٹس کی حد بھی بحال ہوگئی تھی لیکن اس دوران فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے جس سے ایک موقع پر مندی کی شدت 30.90 پوائنٹس تک جا پہنچی لیکن اس دوران محدود پیمانے پر نچلی قیمتوں پر خریداری کی وجہ سے مندی کی شدت میں کمی ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 0.47 پوائنٹ کی کمی سے 33767.59 ،کے ایس ای 30 انڈیکس 20.84 پوائنٹس کی کمی سے 19549.91 اورکے ایم آئی 30 انڈیکس 66.21 پوائنٹس کی کمی سے 59681.32 ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 37.12 پوائنٹس کے اضافے سے 15993.47 ہوگیا۔
کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 2.71 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر19 کروڑ 39 لاکھ1 ہزار100 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 353 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 178 کے بھاؤ میں اضافہ، 143 کے داموں میں کمی اور 32 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں رفحان میظ کے بھاؤ 387.50 روپے بڑھ کر 8137.50 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ 75 روپے بڑھ کر 1575 روپے ہوگئے جبکہ شیلڈ کارپوریشن کے بھاؤ 29.49 روپے کم ہوکر 560.50 روپے اور پاکستان ٹوبیکو کے بھاؤ 29.35 روپے کم ہوکر 1100 روپے ہوگئے۔