کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں محدود کاروباری سرگرمیوں کے سبب منگل کو اتار چڑھاؤ کے بعد ملے جلے رحجان کا تاثر قائم رہا اور قابل ذکر نوعیت کی تیزی رونما نہ ہوسکی جس کے سبب 51.55 فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 4 ارب 37 کروڑ 11 لاکھ 85 ہزار 537 روپے ڈوب گئے۔
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر74.98 پوائنٹس کی تیزی ہوئی لیکن فوری منافع کیلیے فروخت سے یکدم 180 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر خریداری سے انڈیکس مثبت زون میں آگیا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس9.25 پوائنٹس کے اضافے سے31074.38 پوائنٹس، کے ایم آئی30 انڈیکس229.26 پوائنٹس بڑھ کر 53111.85 پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 14.07 پوائنٹس کے اضافے سے 14876.56 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس3.35 پوائنٹس کی کمی سے 18045.18 ہوگیا۔
کاروباری حجم پیر کی نسبت16.52 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر10 کروڑ79 لاکھ95 ہزار190 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار303 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 128 کے بھاؤ میں اضافہ، 155 کے داموں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔