حصص مارکیٹ بلند سے بلند تر، مزید 107 پوائنٹس کا اضافہ

Karachi Stock Exchange

Karachi Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان دوسرے روز بھی برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 34100 پوائنٹس کو عبور کر کے نئی بلند ترین سطح 34121 پر جا پہنچا۔

سرمائے کے حجم میں 15 ارب 47 کروڑ 7 لاکھ 3 ہزار 21 روپے کا اضافہ ہوا، مارکیٹ میں کاروبارکے آغاز پرملاجلارجحان دیکھا گیا، منافع کی غرض سے فروخت کے دبائو اور سرمائے کے انخلا کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 33892 پوائنٹس تک گرگیا تھا تاہم زری پالیسی میں نرمی کی توقعات پر سیمنٹ، پٹرولیم اور توانائی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری اور بڑے سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار رہنے کے سبب کے ایس ای 100 انڈیکس 34000 پوائنٹس کی سطح پرنہ صرف بحال ہوا بلکہ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 34121.30 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر آگیا جو پیر کو 34014.26 پوائنٹس کی سطح سے107.04 پوائنٹس بلند ہے۔

اسی طرح 96.33 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 22116.60 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 51پوائنٹس کے اضافے سے 24623.49 پوائنٹس پر جا پہنچا، منگل کو کاروباری حجم پیر سے 3.3فیصد زائد رہا، مارکیٹ میں 31 کروڑ 56 لاکھ 62 ہزار حصص کاکاروبار ہوا، کراچی اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 399 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 172 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 207 کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی اور 20 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔