کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ضلع کورنگی کی حدود میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا نے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر برساتی نالوں کی صفائی اور علاقائی سطح پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے سیوریج فلو کی درست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ برساتی نالوں ، فراہمی و نکاسی آب کی تنصیبات سمیت سرکاری آراضی پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا فی الفور خاتمے کے لئے موثر انداز میں مہم چلائی جائے۔
خصوصاً برساتی نالوںپر قائم غیر قانونی تعمیرات ختم کرکے برساتی نالوں کو مستقل بنیادوں پر صاف رکھا جائے تاکہ نالوں کی آفادیت کو قائم رکھ کر صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جاسکے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے برساتی نالوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے تمام زونز کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کریں۔
نشیبی علاقوں میں نکاسی آب حوالے سے انتظامات کو بہتر بنایا جائے اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے بلدیہ کورنگی کے تینوں زونز کو ہدایت کی کہ برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریاں مکمل کی جائیں اور علاقائی سطح پر برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا یا جائے انہوں نے اس حوالے سے تمام زونز کو ہدایت کی ہے کہ وہ برساتی نالوں کی سروے رپورٹ تیار کریں اور جہاںضروری ہو وہاں برساتی نالوں کو ہنگامی بنیادوں پر صاف کیا جائے۔