طوفان ’ہد ہد‘ بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرا گیا، 2 افراد ہلاک

Storm

Storm

نئی دلی (جیوڈیسک) خلیج بنگال سے اٹھنے والا خطرناک سمندری طوفان ’ہدہد‘ بھارت کی جنوب مشرقی ریاست آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے وشاکا پٹنم سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے ساتھ خلیج بنگال سے اٹھنے والا سمندری طوفان ’ہد ہد‘ 170 سے 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے وشاکا پٹنم سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ دونوں افراد کی ہلاکت درخت کے نیچے دب جانے کے باعث ہوئی۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے سیلاب کی شدت میں تیز ہواؤں کے ساتھ اضافے کے خدشے کے پیش نظر وارننگ جاری کرتے ہوئے آندھرا پردیش اور اڑیسہ میں ساحلی پٹی کے قریب رہنے والی آبادیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد بڑے پیمانے پر لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب منتقلی شروع کر دی ہے۔ آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے سے اب تک ڈیڑھ لاکھ افراد جب کہ اڑیسہ سے 68 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں، حکام نے ریاست اڑیسہ میں مزید 3 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق طوفان ’ہد ہد‘ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا سکتا ہے اور اس کی شدت 200 کلومیٹر فی گھنٹے تک جا سکتی ہے، طوفان کی شدت میں 6 گھنٹوں بعد کمی کا امکان ہے۔ دوسری جانب خصوصی ریلیف کمشنر پردیپ کمار مہا پاترہ کا کہنا ہے۔

کہ اس طوفان کا سامنا کرنے کے لیے حکام اور انتظامیہ پوری طرح سے تیار ہیں جب کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بھارتی بحریہ کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 1999 میں بھارتی ریاست اڑیسہ میں آنے والے ’سپر سائیکلون‘ سے 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔