طوفان نیلوفر کے آثار پاکستان کے ساحلی علاقوں تک پہنچنا شروع ہوگئے

Nilofar

Nilofar

کراچی (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان نیلوفر کے آثار پاکستان کے ساحلی علاقوں تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔کراچی سمیت زیریں سندھ اور بلوچستان میں آج شام سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔

جو ہفتےکی صبح تک جاری رہ سکتی ہیں۔ بحیرہ عرب میں آنے والا بپھرتا طوفان “نیلوفر” 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سندھ کے ساحلی علاقے اور بھارتی گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے۔اس وقت سمندر میں طوفانی ہوائیں 90 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل علیم الحسن کے مطابق “نیلوفر” جمعےکی رات ٹھٹھہ اوربھارتی گجرات کے درمیان ساحلی علاقوں سےٹکرائے گا۔ تاہم اس کے آثار پاکستان کے ساحلی علاقوں تک پہنچناشروع ہوگئے ہیں۔

طوفان کے باعث آج اور کل زیریں سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ بدین، ٹھٹھہ، تھرپارکر، عمرکوٹ میں 100 ملی میٹر سے زائد جبکہ کراچی ،حیدرآباد اور نوابشاہ میں 40 سے 50 ملی میٹرتک بارش ہوسکتی ہے۔

کراچی میں آج شام سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے جو ہفتےکی صبح تک جاری رہ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ “نیلوفر” کی رفتار میں بتدریج کمی آ رہی ہے اور جمعرات کی دوپہر تک طوفان کی شدت میں مزید کمی آئے گی۔ جمعے کو طوفان کے ٹکرانے سے قبل سمندری ہوائوں کی رفتار 70 سے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہ جائے گی۔