اسٹراسبرگ (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام کشمیرکے حوالے سے یورپی پارلیمنٹ اسٹراسبرگ میں تصویری نمائش جمعہ کے روز اختتام کو پہنچ گئی۔
یہ نمائش جو ایک ہفتہ جاری رہی، اراکین پارلیمنٹ و دیگر یورپی باشندوں کی توجہ کا باعث رہی۔ بڑی تعداد میں یورپین لوگ نمائش دیکھنے آئے۔
جن اراکین یورپی پارلیمنٹ نے نمائش دیکھی، ان میں تھریسا گریفن، الیکس مایر، ایلمار بروک، جان ہوارتھ ، آرندت کوہن، ریچارڈ کوبیٹ، آنا گومیس، ماری ارینا، جین لمبرٹ، سجاد کریم، واجد خان، نوشینا مبارک، جاوی لوپیز اور الینا والنسیانو قابل ذکر ہیں۔
پورا ہفتہ نمائش دیکھنے کا سلسلہ جاری رہا جو ان تصاویر میں لوگوں کی خصوصی دلچسپی کو ظاہر کرتاہے۔
کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے بارے میں یہ تصویری نمائش پہلی بار یورپی پارلیمنٹ اسٹراسبرگ میں کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام منعقد ہوئی جس کی میزبانی رکن یورپی پارلیمنٹ واجد خان نے کی۔
تصویری نمائش کشمیرای یو ویک کا حصہ تھی جسکی تقریبات ہرسال کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام یورپی پارلیمنٹ میں منعقد ہوتی ہیں۔
نمائش میں فرینچ بلج فوٹوگرافر ’’سیدریک گربے ھائے‘‘ کی تصاویر رکھی گئیں جو انھوں نے کچھ عرصہ قبل مقبوضہ کشمیر سے لی تھیں۔ فوٹو گرافر نے ان تصاویر کے ذریعے بندوق کے سایے میں بسنے والے کشمیریوں کے مصائب کو نمایاں کرنے کی کوشش کی ہے۔
یاد رہے کہ اسی طرح کی نمائش کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام یورپی پریس کلب برسلز میں بھی آج جمعہ کے روزاختتام پذیر ہوئی جس کا افتتاح دوہفتے کشمیرای یو ویک کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کیا تھا۔
نمائش کے اختتام پر چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مصائب کے حوالے سے نمائش میں پیش کی گئی تصاویر سے دنیا کو مقبوضہ کشمیرکے مصائب کو سمجھنےمیں مدد ملے گی۔
ان فوٹوز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح مقبوضہ کشمیرکے معصوم لوگ اتنے گھمبیر حالات میں آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں اور اس دوران انہیں کن تکالیف کا سامنا ہے۔
کشمیرای یو ویک جس کو ’’تقسیم ہند کا باقاعدہ ماندہ مسئلہ: پائیدار امن کی تلاش‘‘ کا عنوان دیا گیا، کی تقریبات کے دوران مذاکرے، سیمینارز، کانفرنسیں اور مباحثے بھی ہوئے جن میں وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدر، اراکین یورپی پارلیمنٹ، دانشور، اسکالرز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ گذشتہ ہفتے کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام یورپی پارلیمنٹ برسلز میں کشمیرای یو ویک کی میزبانی اراکین پارلیمنٹ واجد خان اور سجاد کریم نے کی تھی۔