کراچی (اسٹاف رپورٹر) فائونڈیشن فار ریسرچ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ کی ایگزیگٹیو ڈائریکٹر ناظرہ جہاں نے کہا ہے کہ سڑکوں پر رہنے والے بچے جنہیں ہم اسٹریٹ چائلڈ کے نام سے پکارتے ہیں ان کے بھی پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق حقو ق حاصل ہیں ان کے تحفظ ،صحت کی بنیادی ضروریات اور علم کا حصول ریاست کی ذمہ داری ہے قومی اور بین الاقوامی سطح پر معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فائونڈیشن فار ریسرچ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ کے زیر اہتمام بیچ لگژری پارک کلفٹن میں اسٹریٹ چائلڈ کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں شہر کراچی کے سرکاری اسکولوں کے طلباء وطالبات اور اساتذہ نے کثیر تعداد میںشرکت کی اس موقع پر سڑکوں پر رہنے والے بچوں کو تعلیم کے حصول اور مختلف شعبوں میں آگاہی فراہم کی گئی ۔ناظرہ جہاں نے کہاکہ فائونڈیشن فار ریسرچ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ بچوں کے حقوق خصوصاً اسٹریٹ چائلڈ کے بنیادی حقوق کے حصول کے لئے جد وجہد کررہی ہے۔
انہوں نے اسٹریٹ چائلڈ سے کہاکہ وہ اپنے آپ کو تنہا اور کم تر نہ سمجھیں بلکہ تعلیم کے حصول اور ہنر سے آراستہ ہونے کے لئے اپنے آپ کو راغب کریں فائونڈیشن فار ریسرچ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ کی ایگزیگٹیو ڈائریکٹر ناظرہ جہاںنے کہاکہ پاکستان کی سڑکوں پر آباد ڈیڑھ ملین سے زائد بچے حکومتی توجہ کے منتظر ہیں اس کی اصل وجہ غربت ،بے روزگاری ،تعلیم اور صحت کی سہولت نہ ہونا ہے۔
ناظرہ جہاں نے کہاکہ ہمارا ملک میں اسٹریٹ چائلڈ کے لئے بہت سارے قوانین موجود ہیں مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوتا اگر سڑکوں پر آباد بچوں کو پاکستان کے آئین میں دیئے گئے قوانین کے تحت حقوق کا حصول ممکن بنا دیا جائے تو ہم سڑکوں پر زندگی گزارنے والے بچوں کو معاشرے کا بہتر فرد بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ فائونڈیشن فار ریسرچ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اسٹریٹ چائلڈ کے لئے علم کے حصول کو ممکن بنانے کے ساتھ ان کی صحت اور انہیں تحفظ دلا نے کے ساتھ انہیں ہنر بند بنا نے کے لئے اقدامات کررہا ہے اور انشا اللہ ادارے اور ریاست اگر اپنے ذمہ داریوں کا احساس کریں تو ہم ان بچوں کو سڑکوں سے اُٹھا کر تعلیم یافتہ اور اپنے معاشرے کا بہتری شہری بنا سکتے ہیں۔