اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کی ناروے میں فتوحات کا سفر شروع

Football

Football

اوسلو (جیوڈیسک) اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں دھوم مچانے والی پاکستانی ٹیم نے ناروے میں بھی فتوحات کا سفر شروع کر دیا، یوتھ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں اوسلو کے معروف لیمبرسٹر کلب کو 1-0 سے شکست دیدی۔

فیصلہ کن گول ایاز نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق بنیادی سہولیات سے محروم کھلاڑیوں نے برازیل میں منعقدہ اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن بھارت اور امریکا جیسے مضبوط حریفوں کو زیر کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

عالمی سطح پر پہچان بنانے والے نو عمر فٹبالرز کو نہ صرف ملک میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی بلکہ کئی دیگر ممالک کی طرف سے ٹورز کی دعوت بھی ملی۔ گذشتہ دنوں ناروے کے دار الحکومت اوسلو میں دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا،اس میں 10 سے 19 سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز حصہ لیتے ہیں۔

رواں سال ہونے والے اس فٹبال میلے کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار اسٹریٹ چلڈرن ٹیم کی شکل میں پاکستان کی بھی نمائندگی ہو رہی ہے۔اوسلو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گرین شرٹس کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ۔

میں میزبان شہر کے معروف لیمبرسٹرکلب کا چیلنج درپیش تھا، دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ کیے تاہم کسی کو بھی برتری حاصل کرنے میں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

دوسرے ہاف میں پاکستانی فارورڈز ابتدا میں ہی حاوی ہو گئے، پے درپے حملوں کے نتیجے میں دبائو بڑھنے پر لیمبر سٹر کلب کے دفاعی کھلاڑیوں کی طرف سے کئی غلطیاں سامنے آئیں، بالآخر محمدایاز نے ڈی کے قریب ملنے والے عمدہ پاس پر شاندار کک کے ذریعے گول داغ کر اپنی ٹیم کیلیے فتح کا راستہ بنا دیا۔

باقی وقت میں پاکستانی سائیڈ نے گیند پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے میزبان کھلاڑیوں کا ہر حربہ ناکام بنایا، میچ کے دوران گرین شرٹس کو تارکین وطن پاکستانیوں کے ساتھ مقامی شائقین کی طرف سے بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔