کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے ایڈیشنل آئی جی کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا، پولیس میں چار ہزار اہل کاروں کو بھرتی کرکے فوج سے تربیت دلوائی جائے گی۔
اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، صوبائی وزراء، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے اجلاس سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ کورکمانڈر کراچی نے پولیس کی کارکردگی پر بھرپور اطمینان کا اظہا رکیا ہے،کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں دس ہزار نئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سرکاری زمینوں سے قبضہ بھی ختم کرانے کی منظور دی گئی ہے۔