شاہراہوں سے وال چاکنگ کے خاتمے کا آغاز۔ وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کا اعلان

کراچی : بلدیہ کورنگی کے تحت شاہراہوں سے وال چاکنگ اور شاہراہوں پر آویزاں بینرز جھنڈے اُتارنے کے حوالے سے گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا ۔وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہا ہے کہ علاقائی خوبصورتی میں اضافے کے لئے سیاسی و مذہبی جماعتیں اور عوام ہمارا ساتھ دیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں وال چاکنگ کے خاتمے کے لئے مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے بعد ازاں شاہ فیصل زون کی مختلف شاہراہوں پر وال چاکنگ ،آویزاں بینر ز ،جھنڈے اور بلدیہ کورنگی کے تحت اسٹریٹ لائٹس کے پولوں پر رنگ و روغن کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے افسران عوامی تعاون کے ذریعے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کے حوالے سے عوامی شعور کی آگاہی پیدا کریں۔

عبدالراشد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو مسائل سے پاک شہر کراچی کا خوبصورت ضلع بنا ئیں گے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شاہراہوں کی دیواروں سے چاکنگ کے خاتمے کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر کام کو جاری رکھتے ہوئے وال چاکنگ کی روک تھام کو علاقہ پولیس کے باہمی تعاون سے یقینی بنا ئیں اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تجارتی کمپنیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہوں کی دیواروں کو اپنی تشہیر کا ذریعہ نہ بنائیں علاقائی ترقی اور خوبصورتی کے حوالے سے جد وجہد میں بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں انہوں نے کہاکہ ہمارا عزم ہے کہ علاقائی ترقی اور خوبصورت کے عوامی تعاون کے ذریعے یقینی بنا کر بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچائیں گے۔

Abdul Rashid Khan

Abdul Rashid Khan