کراچی : چیئرمین ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی نیئر رضا نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی کی حدود میں شاہراہوں اور گلیوں میں کوڑا کرکٹ پھنکنے اور آگ لگا نے کی روک تھام عوامی تعاون کے ذریعے یقینی بنا کر صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔
متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنا نے کے ساتھ ساتھ دیگر بلدیاتی انتظامات بہتر بنا کر بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے عمل کو تیز کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی نیئر رضا نے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی کے انتظامات اور بلدیہ کورنگی کے تحت جاری بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ رفیق شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔
شاہ فیصل زون میں رفاہ عام کے علاقوں کا یوسی چیئر مین آفاق بیگ کے ہمراہ دورہ کرکے علاقائی سطح پر درپیش بلدیاتی مسائل کا جائرہ لیتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر درپیش بلدیاتی مسائل سے عوام کو فوری چھٹکارہ دلا نے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔
صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ شاہراہوں اور گلیوں کو روشن رکھنے کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی و مرمت کو یقینی بنا یا جائے، صفائی وستھرائی کے عمل کی بہتری کے ساتھ گلیوں اور محلوں کی سطح پر مکھی مچھروں سمیت دیکگر حشرات الارض کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے۔