گلیوں کو سنوارنے کیلئے لوگوں کی اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں اور گلیوں میں تارکول ملی بجری ڈلوانا شروع

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) انتطامیہ مدد کو نہ پہنچی، نشیبی علاقوں اور خستہ حال گلیوں کو سنوارنے کیلئے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں اور گلیوں میں تارکول ملی بجری ڈلوانا شروع کر دی۔ مختلف علاقوں جی ٹی روڈ کے قریبی مقامات ویروکی، خسڑے اور دیگر دیہاتوں کے افرادنے انتظامیہ کی طرف سے گلیوں کی تعمیر ومرمت نہ ہونے پر سستا حل تلاش کرلیا ہے۔

دریائے چناب تک بائی پاس جی ٹی روڈ کی مرمت کیلئے آئے ٹھیکیدار نے سڑک سے جدید مشینری کے ذریعے اکھاڑی گئی پرانی بجری کی لوٹ سیل لگا دی ہے۔قریبی علاقوں کے مکینوںنے موقعہ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سستے داموں فروخت ہونے والی بجری800روپے سے لیکر1500روپے فی ٹرالی پرانی بجری خرید کر اپنی گلیوں، محلوں اور حویلیوں وغیرہ میں ڈلوانا شروع کردی ہے۔

مقامی علاقوں کے مکین اس لوٹ سیل سے خوش نظر آتے ہیں تو دوسری جانب مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ڈی سی او گوجرانوالہ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے کہ کیا ٹھیکیدار کو بغیر نیلامی سرکاری بجری کی فروخت کی اجازت بھی ہے یا وہ بھی دوسروں کی طرح باز پرس سے آزاد ہو کر من مانیوں میں مصروف ہے۔