ایل و سی کشیدگی پر پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا رابطہ، پاکستان کا شدید احتجاج

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی (جیوڈیسک) کنٹرول لائن پر کشیدگی کیبعد پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا، پاکستان نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی فائرنگ پرشدید احتجاج کیا۔ پاک اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے ہاٹ لائن پرلائن آف کنٹرول پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بات چیت کی،پاکستان نے بھارت کی طرف سے سرحدی خلاف کے الزامات کو مسترد کر دیا، پاکستان نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو جوانوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر شدید احتجاج بھی کیا۔

واضح رہے کہ منگل کی شام بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے پانڈو سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی تھی جس سے دو پاکستانی فوجی شدید زخمی ہو گئے۔ چند ماہ میں سرحدی خلاف ورزی کا یہ تیسرا واقعہ ہے،عسکری ذرائع کے مطابق منگل کی شام ایل او سی پرمظفرآباد کے قریب پانڈو سیکٹر میں بھارتی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی جس سے پاک فوج کے دو جوان شدید زخمی ہو گئے۔

زخمی نائیک فیصل شہزاد اور سپاہی اظہر عباس کو سی ایم ایچ مظفر آباد منتقل کر دیا گیا ہے، پاکستان نے واقعے پر شدید احتجاج کیا ہے، اس سے قبل چند روز پہلے بھارتی فوجیوں نے آزاد کشمیر میں گھس کر چار پاکستانی شہری اغوا کر لیے تھے۔ پاکستان نے احتجاج کیا تو بھارت نے جوابا پاک فوج پر کنٹرول لائن عبور کر کے پانچ فوجی ہلاک کرنے کا الزام لگا دیا، بھارتی الزامات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ سیکٹر میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔