اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شدید ہنگامہ آرائی میں شروع ہوگیا ، پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی ایوان میں آمد کے موقع پر ن لیگ کے ارکان نے گو عمران گو کے نعرے لگائے۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ ایوان اس ملک کا بہترین فورم ہے اور میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں تحریک انصاف کو جنہوں نے جمہوریت کی خاطر ایوان میں آنے کا فیصلہ کیا ، یہ خوش آئند ہے اور اس کا کریڈٹ اپوزیشن کو جاتا ہے جس نے پوری کوشش کی کہ ایسے حالات پیدا نہ کئے جائیں کہ آگ کو آگ سے بجھایا جائے آگ کو ہمیشہ پانی سے بجھایا جاتا ہے۔
لڑائیوں کو مذاکرات سے ختم کیا جاتا ہے ، اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے مطالبہ کیا کہ آج اہم ایشوز پر بات ہورہی ہے اور اس موقع پر ایوان میں وزیر اعظم کی موجودگی ضروری ہے , ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر ایوان میں آئیں اور اس اہم مسئلے پر حکومت اور اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات میںشریک ہوں۔