اسٹرنگز کی البم ’30‘ کا نیا گانا ’نینا‘ مداحوں میں مقبول

Strings Song

Strings Song

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے معروف بینڈ اسٹرنگز کی نئی البم ’30‘ کا ایک اور گانا ’نینا‘ ریلیز ہوگیا ہے جسے مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

گزشتہ روز اسٹرنگز نے اپنی ’30‘ البم کا ساتواں گانا ’نینا‘ ریلیز کیا جس کی سحر انگیز شاعری انور مقصود نے لکھی ہے جس میں کچھ اشعار امیر خسرو کی شاعری سے لیے گئے ہیں جنہیں جدید موسیقی کے ساتھ بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

اسٹرنگز کی ’30’ البم کے اب تک تمام گانوں میں صرف فیصل کپاڈیا نے گلوکاری کی ہے جب کہ گیت ’نینا‘ میں فیصل کپاڈیا کے ساتھ بھارتی گلوکارہ سونا موہاپترا نے اپنی خوبصورت آواز شامل کی۔

گانا ترکی کے شہر استنبول میں سہیل جاوید نے شوٹ کیا جس کے حسین مناظر ویڈیو میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

ویڈیو میں دونوں گلوکاروں کو ایک یادگار سفر یاد کرتے دکھایا گیا ہے جس میں گٹارسٹ بلال مقصود بھی نظر آئے ہیں۔

گانے کو ایک ہی دن میں یوٹیوب پر 11 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ اسٹرنگز بینڈ نے اپنے 30 سال مکمل ہونے پر نئی البم ’30‘ کے ساتھ دوبارہ واپسی کی ہے جس کا پہلا گانا سجنی 17 مارچ کو پیش کیا گیا تھا۔

اسٹرنگز کی جانب سے پیش کردہ اُڑ جاؤں، پیا رے، ہم دونوں اور چل پڑا ریلیز کیا گیا تھا جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔