لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مینار پاکستان میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والے کل پاکستان اجتماع عام کے مرکزی کیمپ کا گزشتہ روزدورہ کیا۔ ناظم اجتماع عام میاں مقصود احمد نے کہاکہ اجتماع عام میں ملک کو در پیش بحرانوں کے حل کے لئے عوامی ایجنڈا قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مسائل کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔ حکمرانوں نے جو بھی وعدے کئے سب ریت کی دیوار ثابت ہوچکے ہیں۔ عوام الناس کی زندگی میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے انتخابی منشور کا جو اعلان کیا تھا اس سے منحرف ہو چکی ہے۔
جماعت اسلامی شروع دن سے 18 کروڑ عوام پر مسلط مٹھی بھر اشرافیہ سے نجات کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ اجتماع عام اس ظالمانہ نظام کے خلاف اعلان بغاوت ثابت ہوگا۔