سٹورٹ میک گل نے آسٹریلین کرکٹ بورڈ پر مقدمہ دائر کر دیا

Stuart Mcgill

Stuart Mcgill

میلبورن (جیوڈیسک) آسٹریلیا کے سابق سپنر سٹورٹ میک گل نے میچ فیس، انعامی رقم اور سود کی مد میں اپنے بورڈ پر 26 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

سٹورٹ میک گل وکلا نے وکٹوریا کی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ انہوں نے 2008ء میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ اپنے کیریئر کے دوران سٹورٹ میک گل نے ٹیسٹ کرکٹ میں 208 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

44 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے میک گل کا کیریئر مسلسل انجری سے دوچار رہا اور 2008ء میں انہیں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینا پڑی۔ میک گل نے عدالت میں دائر درخواست میں کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے 1998ء سے 2007ء تک ان سے مسلسل ایک سالہ معاہدہ کیا اور 2007ء میں بھی ان آئندہ سال یعنی 2008 سے 2009 تک کا معاہدہ کیا لیکن انجری ہونے کے بعد ان کو رقم کی ادائیگی نہیں کی۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا مئی 2008ء سے انجری کے دوران ان کی 104 مہینے کی رقم ادا کرنے میں ناکام رہی۔ سپنر نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اس دوران وہ کرکٹ آسٹریلیا کے کنٹریکٹ کا حصہ تھے لیکن اس کے باوجود ان کو معاوضے کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

میک گل کے دعوے کے مطابق بورڈ کو 15 بیرون ملک ٹیسٹ اور 11 ہوم ٹیسٹ میچز، سالانہ معاہدے اور انعامی رقم کی مد میں 16 لاکھ 14 ہزار 890 ڈالر ادا کرنے ہیں جبکہ 9 لاکھ 84 ہزار 534 ڈالرز سود کی مد میں ادا کرنے ہیں۔

اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا کہ ہم میڈیا رپورٹس سے باخبر ہیں لیکن اس موقع پر ہم کوئی بھی بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔