جنڈ (جیوڈیسک) اٹک میں موروثی اراضی سے درخت کاٹنے پر ریٹائرڈ فوجی نے اپنے 2 بھائیوں اور 2 بھتیجوں کو قتل جب کہ 2 افراد کو زخمی کردیا۔
اٹک کی تحصیل جنڈ میں ارشد نامی ریٹائرڈ فوجی نے موروثی اراضی سے درخت کاٹنے پر اپنے سگے بھائیوں کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اس کے دو بھائی محبوب عالم اور اعجاز عالم موقع پر ہی جاں بحق جب کہ بھتیجے مزمل اعجاز اور حمزہ اعجاز دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئے۔
فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہونے والے خرم شہزاد اور ناہید اختر کو ٹی ایچ کیو اسپتال جنڈ سے طبی امداد کے بعد راولپنڈی اسپتال میں بھجوا دیا گیا جہاں خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتارکر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے جب کہ مقامی افراد کے مطابق ملزم ارشد رٹائرڈ فوجی ہے جو دانش اسکول جنڈ میں بطورسیکیورٹی گارڈ ملازمت کررہا تھا۔