لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی کا کہنا ہے کہ مدرسے کے طالبعلم سے زیادتی کے کیس کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیں گے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی کا مدرسے کے طالبعلم سے زیادتی کرنے والے مفتی عزیز الرحمان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم جرم کا ارتکاب کرنے والے شخص کو پکڑنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس معاملے کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیں گے، پوچھ گچھ کریں گے، سائنسی طریقہ کار کے تحت معاملے کی تفتیش کریں گے اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ملزم کو عدالت سے سزا دلوائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ چاہتے ہیں اپنے بچوں کو استحصال کرنے والوں سے بچائیں تاکہ اپنے معاشرے کے مستقبل کو محفوظ بنا سکیں۔
خیال رہے کہ مدرسے کے طالبعلم سے زیادتی کرنے والے مفتی عزیز الرحمان اور ان کے دو بیٹے الطاف الرحمان اور عتیق الرحمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔