جڑانوالہ (جیوڈیسک) بس کی زد میں آ کر جاں بحق ہونے والے 12 سالہ طالب علم کا مقدمہ درج نہ ہونے پر سینکڑوں دیہاتیوں نے روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 60 گ ب کا رہائشی 12 سالہ طالب علم رضوان بس میں سوار ہوتے ہوئے کنڈیکٹر کے دھکا دینے پر ٹائروں تلے آ کر کچلا گیا تھا، ورثاء نے بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے تھانہ صدر میں درخواست دی مگر پولیس نے روایتی غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقدمہ درج نہ کیا۔
جس پر سینکڑوں دیہاتیوں نے کھرڑیانوالہ روڈ بلاک کر کے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور دو گھنٹے تک روڈ بلاک کئے رکھا۔ احتجاج کی خبر ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے فوری مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔