میرا شاگرد زندہ اور پاکستان میں ہی موجود ہے، اجمل قصاب کے استاد کا انکشاف

Ajmal Kasab

Ajmal Kasab

راولپنڈی (جیوڈیسک) اجمل قصاب کے ایک استاد نے انکشاف کیا ہے کہ ممبئی حملہ کیس کا مرکزی ملزم اجمل قصاب زندہ اور پاکستان میں ہی موجود ہے۔ راولپنڈی میں ممبئی حملہ کیس کی سماعت کے دوران گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول فرید کوٹ تحصیل دیپالپور ضلع اوکاڑہ کے ایک استاد محمد مدثر نے اسکول کا حاضری رجسٹر پیش کیا۔

جس میں اجمل قصاب کا اسکول میں داخلے اور اخراج کا ریکارڈ موجود ہے۔ محمد مزثرنے عدالت کو بتایا کہ اجمل قصاب نے 80 کی دہائی میں ان کے اسکول میں پہلی جماعت میں داخلہ لیا اور پانچویں تک تعلیم حاصل کی، اجمل قصاب کبھی بھی بھارت نہیں گیا، اجمل قصاب زندہ ہے۔

اور 2 روز قبل ہی اوکاڑہ میں اس سے ملاقات ہوئی ہے، ہم دونوں آپس میں بغل گیر ہوئے اور ایک ساتھ بیٹھ کر چائے بھی پی، بھارت نے جس شخص کو پھانسی دی تھی وہ اجمل قصاب نہیں کوئی اور شخص ہے، اگر عدالت کہے تو وہ اجمل قصاب کو ججز کے سامنے پیش کرنے کو بھی تیار ہوں۔ واضح رہے کہ بھارت نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم اجمل قصاب کو نومبر 2012 میں پونے کی یروڈا جیل میں پھانسی دے کر اس کی لاش کو جیل کے احاطے میں ہی دفنا دیا تھا۔