اسلام آباد (عتیق الرحمن سے) تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں بروز سوموار کے روز شام آٹھ بجے ہاسٹل پانچ کے ڈپٹی میس منیجرسفیان حیدر کو اسلامی جمعیت طلبہ کے سوسے زائد طلبہ نے ہاسٹل سے باہر نکال کر ڈانڈوں اور مکوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں سفیان حیدر شدید زخمی ہوا اور اس نے کمپلیکس ہسپتال میں میڈیکل چیک اپ کرانے کے بعد تھانہ سبزی منڈی میں ایف آئی آربحوالہ148/16 درج کرا دی۔جس میں یہ بتایا گیا کہ اسلامی جمعیت طلبہ جو کہ جماعت اسلامی کی ذیلی طلبہ تنظیم ہے کہ ناظم جامعہ حافظ ادریس اور راشد عمر اولکھ کی ہدایت پر نذیر اللہ،امداداللہ،عبدالماجد ،جلیل،عبدالرحمن،طلحہ سعادت،عامر،ماجد،ارسلان نے یونیورسٹی کے ہاسٹل پانچ کے ڈپٹی میس منیجر سفیان حیدر جو کہ فیکلٹی آف شریعہ اینڈلاء کے آخری سمسٹر کے طالب علم ہیں ،پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔
اسلامی یونیورسٹی کے طلبہ نے اسلامی جمعیت طلبہ کی اس غنڈا گردی و دہشت گردی کے خلاف متحدہ محاذ کے نام سے تمام طلبہ تنظیمیں متحد ہوچکی ہیں اور انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی سے ملاقات بھی کی ہے اور یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ جو کہ گاہے بگاہے اسلامی یونیورسٹی میں اساتذہ و طلبہ اور ملازمین کو اپنی پرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بناتی رہتی ہے۔
ان کے خلاف فی الفور کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کو یونیورسٹی سے بے دخل کیا جائے اور یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کی ہر سطح پر ہونے والی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے۔تشدد کا نشانہ بننے والے طالب علم سفیان حیدر کا کہنا ہے کہ اگر یونیورسٹی انتظامیہ نے حملہ آوروں کی گرفتاری میں پولیس سے تعاون نہ کیا تو ہم متحدہ طلبہ محاذ کی مشاورت سے راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔