طلبہ کو ان کے جمہوری حق سے محروم کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ ناظم لاہور جمعیت

لاہور : ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور نے کہا ہے کہ طلبہ یونین کے انتخابات کروانے کا بھی اعلان کیا جائے۔ گزشتہ وزیر اعظم نے وزرات اعظمیٰ کے آغاز میں طلبہ یونین کی بحالی کا اعلان کیا اور سو دنوں میں یونین انتخابات کروانے کا اعلان کیا مگر اپنے اس وعدے پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہو سکا۔

آئندہ حکومت انتخابات کا آغاز وفاقی تعلیمی اداروں سے کرتے ہوئے طلبہ کو ان کا جمہوری حق دیں اور فی الفور طلبہ یونین کے الیکشن کا اعلان کریں۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے موقع پر جاری تمام بڑی سیا سی جماعتوں کے منشور میں طلبہ یونین کی بحالی کا ذکر نہیں آیاجبکہ ہما را مطالبہ ہے کہ منتخب ہونے والی جمہوری حکومت قیادت کی نرسریوں پر پابندی کو ختم کر کے اپنے جمہوری ہونے کا ثبوت دے، اسلامی جمعیت طلبہ مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر ے گی۔ مدثر احمد شاہ نے مزید کہا کہ طلبہ یونین کے انتخابات نہ کروانا طلبہ کے جمہوری حقوق کو صلب کرنے کے مترادف ہے جس کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔

جب طلبہ کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہے تو طلبہ یو نین پر پابندی ختم ہونے کے باوجود طلبہ یونینز کے الیکشن کیوں نہیں کروائے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت بتائے گا کہ تعلیمی ادارے ہی انقلاب کا مرکز ہیں۔طلبہ حقوق کو صلب کرنے والے سیاست دانوں نے راستہ نہ دیا تو انہیں پارلیمنٹ کا راستہ بھی نہیں ملے گا جبکہ من مانی کرنے والے سیاست دان قوم کی قیادت کے اہل نہیں ہیں۔ طلبہ یونین کے انتخابات سے ہراساں سیاست دان قوم کی بہتری نہیں چاہتے ہیں۔